
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف میزبان و اداکار کرن خان کا کہنا ہے کہ اپنے رشتے کا موازنہ سوشل میڈیا یا ریلز میں نظر آنے والے جوڑوں سے نہ کریں، غیر حقیقی تصورات کے پیچھے بھاگنا چھوڑ دیں۔
حال ہی میں دوسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی کرن خان نے نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی کو رومانوی خواب سمجھنے والے افراد کی سوچ پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں شادی کے حوالے سے ایک عام غلط فہمی یہ ہے کہ شادی کے بعد کا وقت محض ایک طویل ہنی مون ہوتا ہے، جس میں سب کچھ اچھا اور محبت بھرا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں نے کم عمری میں شادی کی تھی تو میری سوچ بھی بالکل ایسی ہی تھی، یہی تصور اکثر لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے کہ شاید انہوں نے شادی کا فیصلہ درست نہیں کیا۔
کرن خان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ شادی کے ابتدائی دن دراصل ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کا دور ہوتے ہیں، کیونکہ 2 مختلف سوچ رکھنے والے افراد ایک ساتھ زندگی گزارنا شروع کرتے ہیں، اس دوران آپ کو ایک دوسرے کے بارے میں نئی باتیں معلوم ہوتی ہیں، جن کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنا ضروری ہوتا ہے۔
نوبیاہتا جوڑوں کو اہم مشورہ دیتے ہوئے میزبان نے کہا کہ شادی شدہ زندگی کے حوالے سے خیالی دنیا میں نہ رہیں اور نہ ہی اپنے رشتے کا موازنہ سوشل میڈیا یا ریلز میں نظر آنے والے جوڑوں سے کریں، غیر حقیقی تصورات کے پیچھے بھاگنا چھوڑ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی کے ابتدائی دور کو ایک دوسرے کے ساتھ سمجھ بوجھ پیدا کرنے اور ہم آہنگ ہونے کے مرحلے کے طور پر لینا چاہیے، جب آپ ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھنے لگتے ہیں تو پھر حقیقی معنوں میں شادی کے خوشگوار لمحات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
کرن خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ایک دوسرے سے بات چیت کا سلسلہ کبھی ختم نہ ہونے دیں، کیونکہ باہمی رابطہ ہی کامیاب رشتے کی بنیاد ہے، آپ کو چاہیے کہ اپنے احساسات اور جذبات کا اظہار شائستہ انداز میں کریں، غصے میں آنے، بھڑک اٹھنے یا ناراض ہونے کے بجائے تحمل اور سمجھ داری سے بات کریں۔



