سندھ حکومت نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈلائن بی آر ٹی کا یوٹرن کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
کراچی میں سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں حال ہی میں کراچی پہنچنے والی ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کے روٹس کے انتظامات پر غور کیا گیا اور بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈلائن بی آر ٹی کا یوٹرن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سی ای او ٹرانس کراچی، پی ڈی یلو لائن اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
اس موقع سینئر وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کےلیے موزوں روٹس کو حتمی شکل دی جائے، امید ہے حالیہ ماہ مزید ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کی کھیپ کراچی پہنچ جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشنز اور سروسز سمیت تمام متعلقہ امور کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے، ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسیں شہر کے ان علاقوں تک پہنچائیں جہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی زیادہ ضرورت ہے۔
شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بی آر ٹی کا یوٹرن کھول کر شہریوں کو سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ریڈلائن بی آر ٹی منصوبےکی بروقت تکمیل کےلئے غیر معمولی اقدامات کئے جائیں، تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کا تعمیراتی کام بھی جلد مکمل کیا جائے، تمام متعلقہ حکام تعمیراتی کاموں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں۔
