
نامور بھارتی اداکار رنبیر کپور نے کہا ہے کہ انہیں لفظ بالی ووڈ پسند نہیں ہے۔
برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رنبیر کپور ہندی فلم انڈسٹری کے لیے ’بالی ووڈ‘ اور دیگر علاقائی فلم انڈسٹریز کے لیے ’ٹالی ووڈ‘ جیسی اصطلاحات کے استعمال پر سخت اعتراض اٹھایا۔
اپنی آنے والی میگا بجٹ کی مذہبی فلم کی پروموشن کے سلسلے میں لندن میں موجود رنبیر کپور سے جب پوچھا گیا کہ وہ ’بالی ووڈ‘ کی اصطلاح کیوں پسند نہیں کرتے؟
اس پر رنبیر نے جواب دیا کہ یہ اصطلاح ’ہالی ووڈ‘ سے نقل کی گئی ہے، کیونکہ اس وقت بمبئی تھا تو وہ ’بالی ووڈ‘ بن گیا اور تیلگو انڈسٹری ’ٹالی ووڈ‘ بن گئی، اسی طرح سب کے الگ الگ نام رکھ دیے گئے۔
اداکار نے وضاحت کی کہ وہ خود کو ’بالی ووڈ‘ اداکار کہلوانے کے بجائے بھارتی سنیما کا نمائندہ بننا پسند کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسے ملک سے ہیں جہاں مختلف ثقافتیں، زبانیں اور ریاستیں ہیں لیکن بالآخر ہم سب آرٹ تخلیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور آرٹ میں کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں۔ اگر آپ اپنی ثقافت اور روایت سے جڑی سچی کہانی سنائیں گے تو وہ دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں کو چھوئے گی۔



