
بالی ووڈ کے معروف گلوکار کمار سانو نے ساتھی گلوکار ادت نارائن کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان کبھی کوئی ذاتی اختلاف یا تلخی نہیں رہی۔
کمار سانو اور ادت نارائن نے تقریباً ایک ہی دور میں شہرت حاصل کی تھی، جس کے باعث دونوں کے درمیان پیشہ ورانہ مقابلے کی فضا پیدا ہوئی، دونوں گلوکاروں نے آخری مرتبہ 2005ء میں فلم ’نو انٹری‘ کے لیے ایک ساتھ گانا گایا تھا۔
اب 21 سال بعد دونوں گلوکار ایک بار پھر فلمی گیت میں ساتھ نظر آئیں گے، ان کا نیا گانا ’سنیو ذرا‘ سنی دیول کی آنے والی فلم کا حصہ ہے۔
گانے کی ریلیز سے قبل کمار سانو نے ادت نارائن کے ساتھ اپنے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ دونوں نے 21 سال تک ایک ساتھ گانا نہیں گایا، لیکن اس دوران ان کی دوستی برقرار رہی۔
ویریٹی انڈیا کے مطابق کمار سانو کا کہنا ہے کہ ادت نارائن بہترین دوست ہیں اور انہوں نے کئی دہائیوں سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
ایک سوال پر گلوکار نے کہا کہ دونوں کے درمیان کبھی کوئی تلخی نہیں رہی، ہمارا مقابلہ ایسا ہی تھا جیسے کسی جماعت میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کے درمیان ہوتا ہے۔
کمار سانو نے مزید بتایا ہے کہ ماضی میں بعض لوگوں نے دونوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی، تاہم ہم وہ جلد ہی ان کے مقاصد سمجھ گئے تھے، ماضی میں دونوں کے اختلافات سے متعلق شائع ہونے والی خبریں میڈیا کی من گھڑت کہانیاں تھیں اور بعض افراد جان بوجھ کر دوریاں پیدا کرنا چاہتے تھے۔



