
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم ہمارا عزم اس چیلنج سے زیادہ مضبوط ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال، حالیہ کیسز اور اس کے سدِ باب کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں سامنے آنے والے حالیہ پولیو کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کا حصول ایک بڑا چیلنج ضرور ہے، لیکن ہمارا عزم اور حوصلہ اس چیلنج سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہمیں پہلے سے زیادہ بہتر حکمتِ عملی اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام صوبوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر صوبوں سے مشاورت مکمل کر کے انسدادِ پولیو کا ایک مربوط اور جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملک بھر، بالخصوص پولیو سے متاثرہ علاقوں میں ویکسینیشن کی کوریج کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہمات کے دوران فرائض سرانجام دینے والے انسدادِ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔



